کوئٹہ، 13 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ شہروں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 72 نئی میونسپل کمیٹیز بننے جارہی ہیں گوادر، تربت، حب، خضدار اور چمن کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا درجہ دیا جائے گا۔ان اقدامات سے عوام کو نچلی سطح پر ریلیف ملے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں مشیر بلدیات نوابزادہ گہرام خان بگٹی اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کو سیکرٹری بلدیات کی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد مجوزہ نئی میونسپل کمیٹیوں، میونسپل اور میٹرو پولیٹن کارپوریشنزاور اس حوالے سے درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخاب سمیت بلدیاتی حلقوں کی حد بندیوں سے متعلق مختلف قانونی امور پر ارکان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کے سیکشن 13 تحت صوبائی حکومت خود حلقہ بندیاں کر سکتی ہےجبکہ کابینہ نے پہلے ہی فیصلہ کرلیا ہے کہ حلقہ بندیوں کا مینڈیٹ صوبائی حکومت کا ہے۔ اس فیصلے سے متعلق پہلے ہی الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا گیا ہے سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 میں اصلاحات لانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزراءچیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، سیکرٹری بلدیات احمد رضا خان، سیکرٹری خزانہ عبدالرحمان بزدار شریک ہوئے۔