اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ تین برسوں میں حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان کی اندرونی اور بیرونی محاذ پر کلیدی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نئی اور مثبت سمت کی جانب گامزن ہے، کورونا کی مہلک وبا کے باوجود حکومت کی موثر پالیسیوں اور حکمت عملی کے باعث پاکستان کی معیشت مستحکم رہی، تر سیلات ، برآمدات ، اسٹاک ایکس چینج میں نمایاں بہتری سمیت مثبت اقتصادی اشاریے حکومتی معاشی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، احساس پروگرام کے ذریعے کمزور طبقوں کے لئے اقدامات، تعمیراتی شعبہ کےلئے مراعات، کم آمدنی والے افراد کےلئے مکان اور چھت کی فراہمی ، کامیاب جوان پروگرام اور یکساں قومی نصاب کا نفاذ قابل تحسین اقدامات ہیں ، بھارت کے انتہاپسند ہندوتوا فاشسٹ نظریہ سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ بھارت کشمیر میں ظلم کا بازار بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ نبھائے’ افغانستان میں امن سارے ہمسایہ ممالک کے لئے اہم ہے’ دنیا کو وہ بات لاکھوں انسانی جانیں اور اربوں ڈالر خرچ کرکے سمجھ آئی جو وزیراعظم عمران خان 20 سال سے کہہ رہے تھے’ جوہری قوت’ دہشتگردی کے خلاف جنگ’ پناہ گزینوں کے ساتھ ہمدردی اور تنظیم کا جذبہ پاکستانیوں کی ذہانت کا منہ بولتا ثبوت ہے’ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سمیت انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں’ جعلی خبریں اور غیبت سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھرکی معیشتیں متاثر ہوئیں لیکن بہتر حکومتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت مستحکم رہی۔ صدر مملکت نے معیشت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب کورونا کے منفی اثرات کے سبب دنیا کی تمام معیشتیں سکڑنے لگیں تو اس وقت اللہ تعالی کے فضل و کرم اور حکومت کی اچھی پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معاشی کارکردگی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر رہی اور پاکستانی معیشت کی شرحِ نمو 3.94 فیصد رہی۔ صدر مملکت نے موجودہ دور حکومت کی چیدہ چیدہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال21-2020 کے دوران پاکستان کی برآمدات گزشتہ سال 23.7 ارب کے مقابلے میں 25.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ترسیلات زر 29.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے جو کہ پچھلے سال کی نسبت تقریباً6 ارب ڈالر زیادہ ہیں اور اس سال کے شروع کے 2 مہینوں میں مزید دس فیصد کا اضافہ ہوا ہے’ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے اور ایشیا کی بہترین اور دنیا کی چوتھی بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا اور مئی 2021 ء میں ایک سیشن میں ریکارڈ توڑ 2.21 ارب حصص کی خریدو فروخت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت دو سال قبل عالمی بینک کے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں28 درجے کی بہتری آئی تھی اور اب اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے حالیہ سروے کے مطابق سمندر پار سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد میں تقریبا 60 فیصد کا اضافہ ہوا۔