اسلام آباد، 14 ستمبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی اصلاحات وخصوصی اقدا مات ونیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر کی شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے تاہم ہسپتالوں پر دباؤ برقرار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو این سی او سی میں نیوز کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کی وارڈز میں کووڈ۔19 کے مریضوں کا دبائو ہے، کوشش ہے آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ نہ آئے، چند ہفتے کےدوران آکسیجن کی طلب میں اضافہ ہوا، وبا کی صورتحال بہتر ہوئی ہے مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، کووڈ۔19 کے 5300 مریض ہسپتالوں میں آکسیجن پر ہیں، لاپرواہی، ایس او پیز کو نظرانداز کرنا کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بنا ہے ۔
اسد عمر نے کہا کہ 24 میں سے 18 اضلاع میں وبا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، 6 اضلاع میں بندشیں قائم رہیں گی، ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں شامل ہیں، 6 اضلاع میں آئوٹ ڈور ڈائننگ کا ٹائم بڑھا کر 12 بجے تک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے 24 اضلاع میں کیسز کی تعداد کے پیش نظر 4 سے 15 ستمبر تک زائد بندشیں عائد کی تھیں تاہم ان میں سے 18 اضلاع میں صورتحال بہت بہتر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ 18 اضلاع میں بھی کورونا پابندیاں قائم رکھیں گی جس طرح ملک کے دیگر حصوں میں نافذ ہیں جبکہ دیگر 6 اضلاع میں زائد بندشیں قائم رہیں گی۔اسد عمر نے بتایا کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں میں کورونا سے متعلق صورتحال بہتر سامنے نہیں آئی ہے اس لیے مذکورہ اضلاع میں انتہائی درجے کی بندش 22 تاریخ تک قائم رہیں گی۔