لاہور،14 ستمبر(اے پی پی):وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ کی کمیٹی برائے شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یکم تا بارہ ربیع الاول شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات کے انتظامات پر غور و خوض کیا گیا۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شان رحمت اللعالمین ﷺ کو بھر پور مذہبی جوش و خروش سے منایا جائے گا،نبیء آخرالزماں ﷺ کے یوم ولادت پر سرکاری عمارتوں کو سجانے کے علاوہ چراغاں بھی کیا جائے،سکولوں اور کالجوں میں ضلعی،ڈویژنل و صوبائی سطح پر قرات اور نعت خوانی کے مقابلے منعقد ہوں گے،8 ربیع الاول کو بادشاہی مسجد میں سیرت کانفرنس منعقد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات وثقافت کے تحت الحمراء آرٹ گیلری میں اسلامی خطاطی کی نمائش منعقد ہوگی،عالمی علماء و مشائخ کانفرنس، صوبائی مقابلہ کتب سیرت، محفل سماع اور قومی نعتیہ مشاعرہ بھی تقریبات کا حصہ ہوں گے،وزیر قانون نے ہر ڈویژن میں یونیورسٹی کی سطح پر سیرت چیئر کے قیام کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیر اوقاف سعید الحسن شاہ نے کہا کہ محکمہ اوقاف پہلے سے زیادہ شاندار طریقے سے ہفتہ ء شان رحمت اللعالمینﷺ منائے گا،محکمہ اطلاعات اور ڈی جی پی آر تمام تقریبات کی بھرپور میڈیا کوریج یقینی بنائے گا۔