لاہور، 14 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھر نے پی ایچ اے کے ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اتھارٹی کے شہر میں جاری شدہ پروجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی نے محکمہ کے شعبہ جات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھر نے غیر قانونی ایڈورٹائزنگ بورڈز کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آج سے ہی غیر قانونی ایڈورٹائزنگ بورڈز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے، کام کرنے والے اور ایماندار افسران کو اہم پوزیشنز پر تعینات کیا جائے، کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اگر ایک بھی غیر قانونی بورڈ رہا تو آفیسر سیٹ پر نہیں رہے گا،15 دن کا الٹی میٹم دے دیا ہے اُس کے بعدسخت کارروائی ہو گی۔
ملک اسد کھوکھر نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کریک ڈاؤن کیا جائے گا، مالی خسارہ محکمہ خود پورا کرے گا، اگر کرپشن فری ادارہ بنے گا تو مالی بحران پر قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی پی ایچ اے کو لاہور کی خوبصورتی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہریوں میں میاواکی جنگلات لگائے جارہاہے ہیں، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھار ٹی کلین اینڈ گرین لاہور کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں ماحول دوست اقدامات کیے جارہے ہیں ۔
ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی نے کہا کہ 106 غیر قانونی بورڈز کے خلاف ملوث افراد کو شوکاز نوٹس بھیجوا دیئے ہیں، بل بورڈز اور سکائی سائنز کی جیو ٹیگنگ کر رہے ہیں، کرپشن کو روکنے کیلئے فائلز اور رسیدوں اور دیگر ریکارڈ کی ڈیجیٹل آئزیشن کی جائے گی، گلبرگ اور جوہر ٹاؤن کی نئی سڑکوں پر ایل ای ڈی سٹیمر لگائے جائیں گے اور گرین سرچارج کیلئے وزیر اعلیٰ کو سمری ارسال کریں گے۔