اٹک،16 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کی کورونا ویکسینیشن نہ کروانے والے پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی، چوتھی انتہائی خطرناک لہر کے پیش نظر حکومت نے 15 سال سے زائد افراد کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز کیا ہے، اس ضمن میں تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی سکولوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اسکولوں کے طلباء و طالبات کی کوروناویکسینیشن کروائیں۔
وہ جمعرات کو ڈی سی آفس اٹک میں انسداد کورونا مہم کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، ڈی سی اٹک نے کہا کہ جو سکول کورونا ویکسینیشن نہیں کروائے گا، اس کی رجسٹریشن معطلی کے ساتھ ساتھ اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مستقبل کے معماروں کی جان کی حفاظت کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈی سی اٹک نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈی سی جی مر ضیہ سلیم، محکمہ صحت، تعلیم، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس بھی کیا،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد اٰلہی نے ڈی سی اٹک کوآمدہ پولیو مہم کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتا یا کہ پولیو مہم 20ستمبر سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی، اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر تین لاکھ کے قر یب بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس سلسلے میں ضلع بھرمیں بھر پور انتظامات کیئے جا رہے ہیں۔ضلع بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، اس کے علاوہ رومنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی، اس حوالہ سے سیکیورٹی کا خاص انتظامات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مرضیہ سلیم،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الٰہی اور پرائیویٹ سکولوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔