دوشنبے،17ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ آج ہماری کاوشیں رنگ لے آئیں ہیں اور برطانیہ کی پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ، بہت سے پاکستانی جنہوں نے ریڈ لسٹ کی وجہ سے معاشی اور ذہنی تکالیف برداشت کیں ان کیلئے یہ ایک بہت اچھی خبر ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس معاملے پر سائنسی بنیادوں پر اعداد و شمار پیش کیےاور برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب جب پاکستان تشریف لائے تو میں نے اس معاملے پر ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی اور انہیں اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کا کہا، میں ممنون ہوں کہ انہوں نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے، میں تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔