ملتان، 20 ستمبر (اے پی پی ):چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ ملتان ہمارا شہر ہے اس شہر کو خوبصورت بنانے اور ٹریفک مسائل حل کرنے کے لئے پنجاپ حکومت بھرپور تعاون کر رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ حکومت کے تعاون سے ملتان شہر کو خوبصورت بنائیں اور ٹریفک کے مسائل حل کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو ملتان شہر کی مختلف شاہراوں پر ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے تیار کی گئی تجاویز کی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا ہے کہ ملتان میں لاہور شہر کےکی طرح ٹریفک ماڈل لانا چاہتے ہیں، اس کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عارضی اور وقتی طور پر ان تجاویز کو بوسن روڈ، ملتان پبلک سکول روڈ پر عمل درآمد کر رہے ہیں، مثبت نتائج کی صورت میں ان تجاویز کو شہر کی دوسری بڑی شاہراؤں پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے ملتان شہر میں ٹریفک پلان بہتر کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں، جس میں ٹریفک پولیس ملتان کے سربراہان کا تعاون اور مشورہ بھی شامل ہے، ابتداء میں بوسن روڈ چونگی نمبر 9 سے تحصیل چوک تک یو ٹرن اور سروس روڈ میں بہتری لانے کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کے اہم چوکوں کو کھلا اور خوبصورت بنا رہے ہیں، ان چوکوں کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے ملتان کی ثقافت سے مطابقت رکھنے والے مونو منٹ بھی بنا رہے ہیں۔
چوکوں کی کشادگی بارے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ چوہدری محمد اصغر نے بتایا کہ ایسے چوک جن پر خوبصورت مونومینٹ بنانے کی تجاویز ہیں۔ ان میں ایم ڈی اے چوک، اعوان چوک، فیض عام چوک،ملتان ماڈل ٹاؤن چوک، درانا ننگانہ چوک، ساہو چوک، ایل ایم کیو روڈ پر سدرن بائی پاس چوک اور ایم اے جناح روڈ پبلک سکول روڈ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ شہر میں موجودہ جگہوں پر قائم منڈیاں جہاں شہر یوں کے لئے مسائل پیدا کر رہی ہیں، وہیں ملتان شہر کی خوبصورتی بھی خراب کر رہی ہیں۔ منڈیوں کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کے لئے مختلف سائٹ وزٹ ہو چکے ہیں جس کے تحت مختلف آپشن زیر غور ہیں ان تمام تجاویز پر کمیٹی غور کرنے کے بعد کسی ایک جگہ کا انتخاب کرے گی اور بہت جلد منڈیوں کو شہر سے باہر شفٹ کر دیا جائے گا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں بیرونی مداخلت بند کرنے کے لئے نئی سیکورٹی ایجینسی کے ساتھ ایگریمنٹ کر رہے ہیں، فاطمہ جناح الاٹیز کو ہر سہولت دیں گے اور ان کا تحفظ کریں گے۔