افغان سرحدوں پر آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے سہولت مراکز 30 اکتوبر تک کام کرتے رہیں گے؛وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

23

اسلام آباد،29ستمبر  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان سرحدوں پر آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے سہولت مراکز 30 اکتوبر تک کام کرتے رہیں گے، افغانستان جانے والوں کی تعداد آنے والوں سے زیادہ ہے، دنیا بدلے ہوئے افغانستان کی حقیقت کو تسلیم کرے اور افغانوں کا ساتھ دے، ہم پر طالبان کو عسکری مدد فراہم کرنے کے حوالہ سے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان کیلئے بہت آزمائشیں ہیں لیکن ہم افغانستان میں انسانی المیہ پیدا نہیں ہونے دیں گے، اگر سلمان شہباز کو کلین چٹ مل گئی ہے تو وہ خود اور تایا کو ساتھ لے کر پاکستان واپس آ جائیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ویمن چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہوں نے راولپنڈی کے ہر علاقے میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا اور 2 خواتین یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور 2 ماہ کے اندر تیسری یونیورسٹی بھی بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں تعلیم کے فروغ کیلئے میری کاوشوں کی بدولت ایک رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے سی ایس ایس میں ٹاپ کیا۔

 وفاقی وزیر نے خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں  نے کہا کہ خواتین کیلئے بہت مواقع موجود ہیں، ان کیلئے جلد الگ بازار قائم کیا جائے اور ویمن چیمبر کو کسی مناسب جگہ پلاٹ دیا جائے گا۔

قبل ازیں انہوں نے ویمن چیمبر آف کامرس کی نئی عہدیداروں سے حلف لیا۔