ملتان،30 ستمبر(اے پی پی ): سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نشتر ہسپتال،چودھری پرویز الہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لارہی ہے،آن لائن سسٹم کے تحت ادویات کی فراہمی کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی پورا کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔
سیکرٹری ڈاکٹر احمد جاوید نے ہسپتال میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ مریضوں سے طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ نشتر ڈینگی وارڈ ،ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ کارڈیالوجی توسیعی منصوبہ پر 3 ارب روپے سے زائد لاگت آئےگی،رواں سال دسمبر میں کارڈیالوجی نیو بلاک میں او پی ڈی فعال ہوجائے گی۔نشتر ہسپتال میں روزانہ ہزاروں مریض شفاءیاب ہورہے ہیں۔نشتر 2جنوبی پنجاب کی عوام کےلئے حکومت کا تحفہ ہے اور اسکی تکمیل سے نشتر1 پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔
سیکرٹری ساؤتھ اجمل بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات دینے بارے کوشاں ہے۔ جنوبی پنجاب میں صحت کے میگا منصوبے تکمیل کی جانب رواں ہیں۔
وی سی نشتر ڈاکٹر رانا الطاف،پرنسپل نشتر یونیورسٹی ڈاکٹر افتخار، ایم ایس نشتر ڈاکٹر شاہد بخاری، ایم ایس کارڈیالوجی ڈاکٹر رفیق اختر نے بریفنگ دی۔کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد،سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ اجمل بھٹی، ڈی سی ملتان عامر کریم خاں بھی ہمراہ تھے۔