کراچی۔30ستمبر (اے پی پی):امریکی سفارتخانہ اور حکومت سندھ نے مل کر ’’فضاں سے فلاح تک‘‘مہم کا آغاز کردیا جو کہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے ایک آگاہی مہم ہے تاکہ پاکستانی شہریوں کو کوویڈ-19 وائرس سے بچائو اور زندگیاں بچانے کی ترغیب دی جا سکے۔امریکی ناظم الامور اینجیلا ایگلر نے کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج (جے پی ایم سی)میں اداکارہ ماہرہ خان، گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے اور سندھ کی وزیر برائے صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے ہمراہ جمعرات کو مہم کا آغاز کیا۔ وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے قانون اور ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ناظم الامور اینجیلا ایگلر اور وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے امریکی فائزر ویکسین کے ٹیکے کا براہ راست مشاہدہ کرنے کے لئے جے پی ایم سی کے ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ امریکہ نے جولائی سے اب تک پاکستان کو تقریباً ایک کروڑ 58 لاکھ زندگی بچانے والی کرونا ویکسین کی خوراکیں عطیہ کی ہیں اور امریکہ اکتوبر میں پاکستان کو مزید 96 لاکھ فائزر خوراکیں عطیہ کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔ناظم الامور ایگلر ، حکومتی نمائندگان اور شوبز سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں سے مل کر فائزر ویکسین لگوانے والے پاکستانی شہریوں اور طبی عملے سے بھی بات چیت کی تاکہ ویکسینیشن کے عمل کے ساتھ ان کے تجربات کو سمجھا اور ویکسینیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ناظم الامور انجیلا ایگلر نے فائزر وینس حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں سے بات چت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ کوویڈ-19 وبا کے خاتمے کے لئے پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لوگوں کو ٹیکے لگوانے اور کوویڈ19 کے اضافے پر قابو پانے کے لئے لوگوں کو ترغب دی اوراس وباسے نمٹنے کیلئے فرنٹ لائن میں اپنا کردار ادا کیا۔ وزیر صحت و آبادی بہبود سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پچواہو نے اس عمل میں امریکی وفد کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن اس وبا کو شکست دینے کا سب سے معتبر طریقہ ہے اور سندھ حکومت نے ویکسین کی مئوثر اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے اپنے تمام وسائل وقف کر رکھے ہیں۔ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی پروفیسر شاہد رسول نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پروفیسر ناصر سڈل اور پروفیسر ندیم قمر کے ہمراہ معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ جے پی ایم سی صوبہ سندھ کا سب سے بڑا تیسرے درجے کی طبی سہولیات فراہم کرنے والا اسپتال ہے جہاں ملک بھر سے مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں۔کوویڈ19 وبا کے آغاز سے لے کر اب تک امریکہ نے ویکسین کے عطیات کے علاوہ پاکستان کے عوام کو ہنگامی طبی سامان، تربیت اورصحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی مد میں 6 کروڑ 30 لاکھ ڈالر مالیت کی امداد فراہم کی ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی کوویڈ سمٹ میں امریکی صدر بائیڈن نے دنیا بھر کے ممالک کو عطیہ کی جانے والی اضافی 50 کروڑ فائزر ویکسین کی خوراکیں خریدنے کے امریکی عزم کا اعلان کیا تھا ۔