افغان معاملے پر پاکستان کا کردار واضح ہے،پاکستان نے سب سے زیادہ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا گلوبل پیس چین کے زیراہتمام “افغانستان کی تعمیر نو پر گول میز کانفرنس” سے خطاب

42

اسلام آباد۔30ستمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ افغان معاملے پر پاکستان کا کردار واضح ہے،پاکستان نے سب سے زیادہ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی، اب پاکستان جنگ میں نہیں امن میں شراکتدار بنے گا، پاکستان آئندہ بھی افغانستان میں امن کے قیام کے لئے کوششیں جاری رکھے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80ہزار جانوں کی قربانیاں،150ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، دنیا کو اس کا اعتراف کرنا ہوگا،اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 9ملین افغان غربت کی نچلی سطح سے بھی نیچے ہیں،اس پر دنیا کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کویہاں گلوبل پیس چین کے زیراہتمام “افغانستان کی تعمیر نو پر گول میز کانفرنس” سے خطاب کررہے تھے۔وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کا دنیا کا واحد ملک ہے جو 4ملین سے زیادہ ا فغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے،افغانوں کی بڑی تعداد اب بھی پاکستان میں موجود ہے،جب ہمسایہ ملک میں آگ لگی ہو تو چنگاری آپ کے گھر میں بھی آتی ہے،پرامن افغانستان ہی پرامن پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے افغان تجارت، علاج معالجے سمیت ہر مشکل میں پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں، ا ن کی فنانسنگ کرنے والوں اور ان کے  نیٹ ورکو توڑ کر امن قائم کیا ہے۔