ملتان ،یکم اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی جانب سے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ضلعی افسران کے ہمراہ سپلائی چیک کرنے اچانک سبزی منڈی پہنچ گئے۔عامر کریم خاں نے اپنے دورے کے موقع پر پھل و سبزیوں کے ریٹس اور نیلامی بھی چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی میںعوام کیلئے قائم ہول سیل پوائنٹ کا بھی دورہ کیا اور پھلوں و سبزیوں کا معیار چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکاری ریٹس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔مصنوعی مہنگائی اور قلت میں ملوث مافیا کی گردن پر ہاتھ ڈال دیا ہے جلد ہی قمیتوں میں نمایاں کمی کرکے عوام کو مزید ریلیف دینگے۔عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ
منڈی سے عام مارکیٹ تک ناجائز کمیشن مافیا کا کردار ختم کرینگے اس ضمن میں شہری بھی سرکاری نرخوں پر خریداری کرکے مافیا کی حوصلہ شکنی کریں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی ہمراہ تھے۔