پاکستان ڈنمارک کیساتھ تجارت ، سرمایہ کاری اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے؛وزیر اعظم عمران خان

22

اسلام آباد، یکم  اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کیساتھ تجارت ، سرمایہ کاری اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے بہت اہم ہے۔ افغانستان میں انسانی و معاشی بحران کو روکنے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری افغا ن عوام کی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپی   کوفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں جنہوں نے جمعہ کو ان سے یہاں ملاقات کی۔وزیر اعظم نے ڈنمارک کے اپنے ہم منصب میٹ فریڈرکسن کے ساتھ حال ہی میں اپنی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ڈینش ہم منصب سے افغانستان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کے بارے میں نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام میں مدد کے لیے بین الاقوامی برادری کی تعمیری رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں  نے کہا کہ افغانستان کے استحکام کے لیے ایک جامع سیاسی ڈھانچہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری کے مثبت اور تعمیری اقدامات سے عدم استحکام اور پناہ گزینوں کے بڑے پیمانے پر ہجرت کو روکنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ڈنمارک سے تجارت ، سرمایہ کاری اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

دو نوں رہنماوں کے مابین بات چیت کے دوران موسمیاتی تبدیلی اور اس کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے 10 ارب درختوں کے اقدام اور پاکستان کی جانب سے ماحولیاتی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کےاقدامات کے لیے بین الاقوامی مالی اعانت کوفعال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے افغانستان سے اپنے اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے لیے مدد اور سہولت کے لیے ڈنمارک حکومت کی جانب سے پاکستانکا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ کوفود نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ڈنمارک کے عزم کا اعادہ کیا اور مجوزہ گرین پارٹنرشپ معاہدے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر بریفنگ دی۔