سکھر،01اکتوبر(اے پی پی ):سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال، چوری، ڈکیتی ، رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، مفلوج نکاسی نظام، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال سمیت دیگر بڑھتے ہوئے بنیادی مسائل کیخلاف سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کا اجلاس چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی زیر صدارت ایس ڈی اے آفس صرافہ بازار میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ سماجی برائیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں، اسٹریٹ کرائم رکنے کا نام نہیں لے رہے، جرائم پیشہ عناصر سرے عام تاجروں، شہریوں، اور معززین شہر سے لوٹ مار کرنے میں مصروف ہیں، جنہیں کنٹرول کرنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
اجلاس میں ایس ڈی اے میں شامل سیاسی، سماجی، مذہبی، تاجر تنظیموں کے رہنماوںمفتی محمد چمن زمان قادری، ظہیر حسین بھٹی، ڈاکٹر سعید اعوان و دیگر نے شرکت کی۔