افغانستان میں پاکستان کا مثبت کردار دنیا کے سامنے ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا پنڈ دادنخان میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

7

پنڈ دادنخان ۔2اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  ہفتہ کو پنڈ دادنخان میں  10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ افغانستان میں پاکستان کا مثبت کردار دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج افغانستان، کشمیر، فلسطین سمیت عالمی ایشوز پر ہماری بات پوری دنیا میں سنی جا رہی ہے، افغانستان میں پاکستان کا مثبت کردار پوری دنیا کے سامنے ہے، ملک کو سیاسی و معاشی پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ 2007ءمیں پاکستان نے دنیا سے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت اور القاعدہ کے خلاف کارروائی نہیں، بات چیت کا وقت ہے۔ 2011ءمیں پاکستان نے دنیا کو پھر سمجھایا کہ افغانستان میں مذاکرات ہی بہترین حل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں جب عمران خان اقتدار میں آئے تو انہوں نے افغانستان کے مسئلہ کا حل بات چیت سے نکالنے پر زور دیا لیکن امریکہ نے ہماری بات سمجھنے میں تاخیر کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج اگر افغانستان سے امریکی فوجوں کی واپسی ہوئی ہے اور وہاں ایک قطرہ خون کا نہیں بہا اس کا سہرا پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کو جاتا ہے۔