اکتیس دسمبر تک سب کو صحت کارڈ ملے گا، سالانہ دس لاکھ علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی؛ فرخ حبیب

31

فیصل آباد،3اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا  ہے کہ    31دسمبر تک سب کو صحت کارڈ ملے گا، سالانہ دس لاکھ علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اتوار کوعثمان گارڈن احمد آباد فیصل آباد میں یوٹیلیٹی سٹورکے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے اسی لئے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور انشاللہ رواں سال دسمبر کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے کو صحت سہولت کارڈ فراہم کردیا جا ئے گا جس سے وہ سالانہ10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہلخانہ کا پسند کے ڈاکٹر سے پسند کے ہسپتال میں علاج کرواسکیں گے۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ یہی ریاست مدینہ کا وہ تصور ہے جس کی بات وزیراعظم عمران خان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات کیلئے کمیشن کے چکروں میں بجلی کے مہنگے کارخانے لگوائے مگر ٹرانسمشن سسٹم میں بہتری کیلئے کوئی کام نہ کیا اس طرح اب ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں ہم نے ہر سال 1500 ارب روپیہ ادا کرنا ہے لیکن اس کے برعکس وزیراعظم عمران خان نے عوام کا احساس کرتے ہوئے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے شمسی توانائی اور ہائیڈل بجلی کے منصوبے شروع کئے جبکہ اس سلسلہ میں 10 ڈیم بنائے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے جہاں 10 ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی وہیں ایک کروڑ 30 لاکھ ایکڑ رقبہ کو سیراب کرنے کیلئے پانی بھی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔