سیالکوٹ پولیس نے قتل میں ملوث تین ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرلیا

38

سیالکوٹ،4اکتوبر  (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے  ایک قتل میں ملوث تین  ملزمان  کو ٹریس کر کے گرفتار کرلیا۔تینوں ملزمان شریف شہری کی بکریاں چھین کر مزاحمت پر قتل کر کے فرار ہو گئے تھے۔

 ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سیالکوٹ کینٹ کے علاقہ موضع دھول کے قریب کھیتوں سے ایک شخص کی نعش ملی جسے نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی نے ایس ڈی پی او سٹی رانا ندیم طارق کی زیرنگرانی مقدمہ قتل کی تفتیش کے لئے بنائے گئے  ہومی سائیڈ یونٹ  سٹی سرکل کے انچارج عرفان اشرف اور ایس ایچ او کینٹ افضال ممتاز پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ۔پولیس  نے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید سائینٹفک طریقے سے  اس  قتل کی تفتیش شروع کی اور تفتیش کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے جیو فینسینگ کی مدد سے 200 مشکوک افراد کے موبائل کا ڈیٹا حاصل کیا اور تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے تین  ملزمان قاسم،حسن اور شان علی کو گرفتار کیا جنہوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے چاند نامی ملزم کے ہمراہ عبدالحمید سے بکرے چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اسے قتل کر دیا تھا۔

 پولیس نے تینوں ملزمان کو عبدالحمید کو قتل کرنے کے الزام میں شناخت پریڈ کروانے کے لئے  جیل بجھوا دیا جبکہ فرار ہونے والے ملزم چاند کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئےہیں۔