پنڈورا پیپرز تحقیقات کیلئے وزیراعظم معائنہ کمیشن کے تحت سیل قائم کردیا گیا؛وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی میڈیا بریفنگ

16

اسلام آباد،5اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا   کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پینڈورا پیپرز کے معاملہ پر بریفنگ دی گئی۔ اس معاملہ پر ابتدائی طور پر وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے تحت ایک سیل قائم کیا گیا ہے، پینڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، ان کی کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔ پہلی کیٹیگری میں ان لوگوں کے نام ہیں جنہوں نے اپنی آف شور کمپنیاں ظاہر کی ہیں۔ اس کے بعد دوسری کیٹیگری میں ان لوگوں کے نام ہیں جنہوں نے آف شور کمپنیاں تو بنائیں لیکن انہیں ظاہر نہیں کیا جبکہ تیسری کیٹیگری میں وہ لوگ ہیں جنہوں نے آف شور کمپنیاں بنا کر منی لانڈرنگ کی جو ایف آئی اے کا کیس ہے۔ اسی طرح ایسے لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے آف شور کمپنیوں کو سرے سے ہی ظاہر نہیں کیا۔ وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے تحت قائم سیل ان تمام آف شور کمپنیوں پر کام کرے گا جبکہ دیگر تمام ادارے ایف بی آر، ایف آئی اے اور نیب بھی اپنا اپنا کام کریں گے۔