حکومت یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ سے معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کی یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے؛ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی

14

ملتان،05 اکتوبر(اے پی پی ): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ سے معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی کی یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے منگل کو یہاں   گورنمنٹ مسلم ہائی سکول اور گورنمنٹ سمرا ہائی سکول ملتان میں اساتذہ کےعالمی دن  کے حوالے سے تقریبات میں اپنے  خطاب  میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا عالمی دن منانے کا مقصد اساتذہ کی اہمیت ، مقام اور احترام کا اعتراف کرنا ہے کیونکہ قوموں کی سوچ اور فکر کی راہیں متعین کرنے میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ اساتذہ ہی ہیں جو قوموں کی ترقی اور کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم کی بدولت ہی طالب علم ترقی اور کامیابی کا سفر طے کر پاتا ہے۔

 اس موقع پر انہوں نے اپنے اور پورے ملک کے اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو اپنے اساتذہ کے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے۔

  رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ نئے پاکستان میں اساتذہ کو ان کا اصل مقام اور حقیقی رتبہ دینے کے لئے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں،اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں اور آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اساتذہ کی عزت و تکریم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر سکول کے طالبعلموں نے دن کی مناسبت سے تقاریر کیں اور ٹیبلوز بھی پیش کئے ۔تقریب کے اختتام پر  ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن پنجاب اور ہیڈ ماسٹر ز اینڈ پرنسپلز ایسوسی ایشن پنجاب اور اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن و پرنسپل و جملہ اسٹاف گورنمنٹ مسلم ہائی سکول نے ورلڈ  ٹیچرز ڈے کے حوالے سے کیک بھی کاٹا اور رانا اسلم انجم نے تمام اساتذہ  کا شکریہ ادا کیا۔