سیالکوٹ،5 اکتوبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے اشیائے خورد نوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے آج اچانک لہائی بازار کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے کریانہ اسٹورز کو مالکان کو ہدایت کہ وہ مقررہ کردہ نرخوں پر ہی دالیں فروخت کرسکتے ہیں، دیگر معیار اور قیمتوں کی دالیں فروخت کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، خلاف ورزی پر پرائس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کئے جائیں گے اور دکانیں سربمہر کی جائیں گی ۔
ڈپٹی کمشنر نے دالوں کے ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ اسٹاک کا مکمل ریکارڈ رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ پرائس کنٹرول کمیٹی میں تھوک کے ریٹس بھی مقرر کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی اور ڈیمانڈ کا بھی جائزہ لیا اور امام صاحب روڈ پر واقع فلور ملز کے اچانک دورہ کے دوران ان کے ریکارڈ کی پڑتال کی ۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے مارکیٹ میں مختلف گھی کے برانڈ ز کی فروخت کا بھی نوٹس لیا اور ان پر قیمتیں درج نہ ہونے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقامی حکام کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کو ان کے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔
ڈپٹی کمشنر نے مسلسل 2گھنٹے مارکیٹ کی درجنوں دکانوں اور گوداموں کا دورہ کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی وہ ناجائز منافع خوری کی لعنت سے بچیں اور جائز منافع پر کاروبار کریں۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تندور مالکان کو ہدایت کہ وہ روٹی 100گرام کی پوری ہونے چاہئے تمام تندوروں پر پیمانے نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اشیاءخورد کی نئی قیمتوں کا تعین ہول سیلز سے میٹنگ کے بعد کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام دالوں ، چینی اور آٹا کے ہول سیلز کی 6اکتوبر صبح10بجے ڈی سی آفس میں میٹنگ طلب کرلی ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ فاروق اکمل، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف ، سیکرٹری ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی راشدہ بتول سمیت اسپیشل پرائس مجسٹریٹس بھی ان کے ہمراہ تھے ۔