افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے ؛ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

19

اسلام آباد،6اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ طورخم اور چمن کے علاوہ افغانستان سے ملحقہ باقی پانچ سرحدوں پر بھی آمدورفت کا جدید بائیو میٹرک نظام اور آئن لائن ویزہ شروع کیا جائے گا، ہزاروں لوگ پاکستان میں ویزہ لے کر آئے اور لاپتہ ہو گئے، وہ مہلت سے فائدہ اٹھائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر پرمٹ اور دیگر معاملات کے حوالے سے شکایات دس دن میں حل کریں گے، آن لائن انٹری اور آن ارائیول ویزہ کا نظام افغانستان سے ملحقہ تمام سرحدوں پر شروع کریں گے۔