اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں  کا بنیادی حق ہے؛ شہریار آفریدی

18

  واشنگٹن ڈی سی، 07 اکتوبر(اے پی پی ): چئیرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور  موجودہ خوفناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو بحث کے لیے کئی بار اٹھایا ہے،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں  کا بنیادی حق ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیرا ہتمام یوم سیاہ کے حوالے سے بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و ستم کی مزمت کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب میں   سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر غلام نبی فائی، سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان اور کثیر تعداد میں پاکستان و کشمیری – امریکن کمیونٹی  شریک تھی ۔

تقریب سے خطاب میں چئیرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے لانے اور بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح ہر پاکستان کی کوششوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،اقوام عالم کا فرض ہے کہ کشمیریوں پر جاری بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف اور انسانی حقوق کی بحالی کیلئے بھارت پر زور ڈالے۔

تقریب سے خطاب میں  امریکہ  میں پاکستان کے  سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ گزشتہ 74 سالوں میں بھارت کشمیریوں کی آزادی کے حصول کے عزم کو کم کرنے میں مکمل طور پرناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انکی مکمل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ  اکتوبر 27 کادن بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کی نمائندگی کرتا ہے، اس دن بھارتی سکیورٹی فورسز نے 1947 میں جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔

تقریب  سے خطاب میں  دیگر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم اور معصوم کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کو دنیا کے سامنے بار بار اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔