پاکستان اور ازبکستان کے مابین ثقافتی تعلقات کی مضبوطی سے عوامی سطح پر روابط کو فروغ ملے گا، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف سے گفتگو

9

اسلام آباد۔7اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین تاریخی اور ثقافتی روابط کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات کی مضبوطی سے عوامی سطح پر روابط کو فروغ ملے گا، پاکستان اور ازبکستان میں صوفی ازم کی ایک تابناک تاریخ ہے جو دونوں اقوام کے مابین ایک مضبوط رشتہ قائم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملاقات کے لئے آئے ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تصوف وسطی ایشیائی ریاستوں سے جنوبی ایشیاءمیں آیا جو امن، ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتا ہے، وزارت مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی اس تاریخی سلسلے کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ دونوں شخصیات نے مغل شہنشاہ ظہیر الدین بابر اور معروف شاعر اسد اللہ غالب کی زندگیوں پر مشترکہ فلمیں تیار کرنے کی تجویز کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تجویز وزیراعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے دورہ کے دوران دی گئی تھی جس میں اتفاق کیا گیا تھا کہ اس منصوبے کو شروع کرنے کے حوالے سے ماہرین کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ڈرامے اور فلمیں ازبکستان کو فراہم کرے گا جنہیں ازبک زبان میں ڈبنگ کے بعد ازبکستان میں ٹیلی کاسٹ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ازبکستان کے تاریخی مقامات ثمر قند اور بخارہ کی دستاویزی فلمیں ٹیلی کاسٹ کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے نجی ٹی وی چینل نے دو ڈرامے ”چپکے چپکے“ اور ”ہمسفر“ ازبکستان کو فراہم کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی اور تاشقند کے درمیان ریلوے ٹریک کی تعمیر اور پاکستان سے وسطی ایشیائی ریاستوں کو ٹرک سروس کے آغاز کا خواب اسی صورت پورا ہو سکتا ہے جب خطے میں امن اور استحکام ہوگا۔ اس موقع پر ازبکستان کے سفیر نے خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کے کردار اور افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاءکی کوششوں کو سراہا۔ ازبک سفیر نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی آرکائیوز سے تاریخی تصاویر اپنے ملک میں استعمال کیلئے فراہم کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت اطلاعات کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔