اسلام آباد،7اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، پاکستانی ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار انصاف ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر مدیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرِاعظم کو صحت کے شعبے میں اصلاحات بارے پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر مدیر نے وزیراعظم کو ڈاکٹرز کے انٹری ٹیسٹ ایگزام (ایم ڈی سی اے ٹی) اور نیشنل لائیسینسنگ ایگزام (این ایل ای) بارے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو ترجیحی بنیادوں پر ان تحفظات کو دور کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں معاون خصوصی نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان اور خیبرپختونخوا کے وزیرِ صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی موجود تھے۔