ملتان؛ پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی اور ڈی سی عامر کریم خاں کا ممتاز آباد اور کڑی جمنداں کا دورہ، آنکھوں کے نئے ہسپتال کیلئے اقدامات کی ہدایت

10

ملتان،07اکتوبر(اے پی پی ): پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے جمعرات  کو یہاں  ممتاز آباد اور کڑی جمنداں کا تفصیلی دورہ کیا،جہاں انہوں نے ممتاز آباد میں ہسپتال کی مجوزہ جگہ کا معائنہ کیا اور تجاویز لیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی کی تجویز پر ڈپٹی کمشنر نے ممتاز آباد میں آنکھوں کے نئے ہسپتال کیلئے اقدامات  کی ہدایت کر دی  ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ کڑی جمنداں ڈسپوزل سٹیشن کی غیر استعمال شدہ اراضی پر ہسپتال بنانے کی تجویز دی ہے جبکہ ممتاز آباد سپورٹس سٹیڈیم کو بھی فوری مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے تجویز کردہ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرینگے۔ممتاز آباد سپورٹس سٹیڈیم کو فوری مکمل کرکے فعال کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ خونی برج دیوار اور اندرون شہر کو خوبصورت لائٹنگ اور پودوں سے سجائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئی ہاسپٹل کے منصوبے کیلئے تمام مراحل ریکارڈ مدت میں مکمل کرینگے تاکہ یہاں کے باسیوں کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

بعدازاں پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے شہر کی مختلف سکیموں کا بھی معائنہ کیا۔