اوکاڑہ؛ عشرہ رحمت العالمین ﷺ کے سلسلہ میں سیرت کانفرنس کا انعقاد

60

 

اوکاڑہ،09اکتوبر(اے پی پی ):اوکاڑہ پریس کلب اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس  کے اشتراک سے  عشرہ رحمت العالمینﷺ  کے سلسلہ میں سیر ت کانفرنسﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر  چوہدری سلیم صادق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری طاہر امین، صاحبزادہ فضل الر حمن اوکاڑوی، ڈسٹرکٹ خطیب علا مہ سعید عثمانی، معروف نعت خواں الحاج سلیم نیازی ،علامہ ظفر اللہ قمر لکھوی، صحافیوں، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی،شیخ ساجد رشید اور اوکاڑہ پر یس کلب شیخ شہباز شاہین   نےحضورﷺ کی سیرت طیبہ کی پیروی کو پوری دنیا کے لئے کامیابی کا راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی حضور ﷺ کی غلامی سے جڑی ہوئی ہے، جو لوگ حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ سے جڑ جائیں گے وہی سر خرو ٹھہر یں گے۔

 مقررین نے کہا کہ بحثیت مسلمان ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم حضور اکرم ﷺ کی ذات بابرکات کو پوری دنیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر ایک سچے عاشق رسول ﷺ اور نبی ﷺ کے غلام ہیں تو   میں اپنی زندگی کے معمولات کو بھی حضور اکرم ﷺ کے ارشادات کی روشنی میں ڈھالنا ہے، یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحمت کے مستحق اسی صورت میں ہو سکیں گے جب نبی کریم ﷺ کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے قرب کے لئے جدوجہد کریں گے۔

 بعد ازاں علامہ ظفر اللہ قمر لکھوی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ اس مو قع پر شرکاء محفل کو مٹھائی بھی پیش کی گئی۔