اسلام آباد،اکتوبر (اے پی پی): پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ اتوار کو فیصل مسجد میں ادا کی کر دی گئی ۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر قومی اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد لایا گیا جہاں پروفیسر ڈاکٹر احمد الغزالی نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ پڑھائی ۔
قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، کابینہ اراکین ، اراکین پارلیمان ،سول و عسکری حکام سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے ہلکی ہلکی بارش کے دوران نماز جنازہ ادا کی ۔ 85سالہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اتوار کی صبح علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں، نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
ضلعی انتظامیہ ، رینجرز اور پاک فوج کے خصوصی اہلکاروں سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں بڑی تعداد تعینات کی گئی ۔ نماز جنازہ کے موقع پر ٹریفک کیلئے خصوصی پلان جاری کیا گیا تاکہ ملک بھر سے خواہشمند افراد جنازہ میں شریک ہوسکیں۔ قومی ہیرو کو سفر آخرت پر الوداع کہنے کیلئے زندگی کے ہر شعبہ سے کثیر افراد فیصل مسجد میں جمع ہوئے۔
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کارنامہ سر انجام دیا اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ۔ان کی خدمات کے اعتراف میں پوری قوم سوگوار ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ اراکین اور پارٹی کی قیادت کو نماز جنازہ میں شرکت کی ہدایت کی ۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ایچ ایٹ کے قبرستان میں قومی اعزاز کے ساتھ دفن کیا گیا۔