صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ایکسپوسنٹرلاہورمیں 280بستروں پر مشتمل ڈینگی فیلڈ ہسپتال کا افتتاح کردیا

38

لاہور، 10 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اتوار کے روز ایکسپو سنٹر لاہورمیں 280بستروں پر مشتمل ڈینگی فیلڈ ہسپتال کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپوسنٹرکے مختلف کاؤنٹرزکا دورہ کیا اور مریضوں کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی اور پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو ڈینگی فیلڈ ہسپتال میں طبی سہولیات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ڈینگی فیلڈ ہسپتال کے مختلف کاؤنٹرزپر ڈاکٹروں اور سٹاف سے ملاقات کی اور انھیں مریضوں کاخاص خیال رکھنے کی ہدایت کی۔

 صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کیلئے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف، آکسیجن سپلائی اور ادویات سمیت تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں اور پروفیسر ڈاکٹر اسداسلم خان کو ڈینگی فیلڈ ہسپتال کا فوکل پرسن تعینات کیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ  ڈینگی فیلڈ ہسپتال میں جنرل ہسپتال،سروسزہسپتال،جناح ہسپتال اور مئیوہسپتال کے ڈاکٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈینگی کے مریضوں کو ہرقسم کی پریشانی سے بچانے کیلئے ڈاکٹرز کی ڈیوٹی کا روسٹرمبنادیاہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے  کہا کہ لاہورکے سرکاری ہسپتالو ں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے بسترنہ ہونے سے متعلق خبریں بے بنیادہیں لاہورسمیت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے بستروں کی تعدادمیں اضافہ کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ  ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپوسنٹرسمیت لاہورکے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 1209بسترمختص ہیں اور ڈینگی فیلڈہسپتال ایکسپوسنٹر 24گھنٹے کیلئے فعال کردیاگیاہے۔

صوبائی وزیر  نے کہا کہ ڈینگی فیلڈ ہسپتال ایکسپوسنٹرمیں 45سیکنڈمیں سی بی سی کا رزلٹ دیاجائے گااورڈینگی کی صورت میں ڈینگی فیلڈ ہسپتال میں داخل جبکہ ڈینگی ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں ادویات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ  بخار کی صورت میں آنے والے ہرشخص کو علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی، ڈینگی فیلڈ ہسپتال میں مریض کے تمام قسم کے ٹیسٹ مفت کئے جائیں گے۔

ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لاہورمیں تا حال ڈینگی کے28مریض تشویش ناک حالت میں زیرعلاج ہیں بخارکی حالت میں سواری نہ ہونے کی صورت میں 1122سے مددحاصل کی جاسکتی ہے۔ 1122فوری طورپرمریض کو سرکاری ہسپتالوں میں پہنچائے گی ڈینگی ہیلپ لائن نمبر042-99211134-6ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت ڈینگی کے 3750مریض رجسٹرڈ ہیں اورگذشتہ24گھنٹوں کے دوران لاہورمیں ڈینگی کے177کیسزسامنے آئے ہیں پنجاب کے بیشترنجی ہسپتالوں نے بھی محکمہ صحت کے تعاون سے ڈینگی وارڈ مختص کررکھے ہیں۔

صوبائی وزیر  صحت  نے کہا کہ  پنجاب کی تمام نجی لیبارٹیریز90روپے میں ڈینگی کا ٹیسٹ کررہی ہیں، نجی لیبزمیں نسخہ کی صورت میں ہی ڈینگی کا ٹیسٹ ہوسکے گا پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کا ٹیسٹ بالکل مفت کیاجارہاہے،ڈینگی کی گذشتہ لہرمیں راولپنڈی جبکہ موجودہ لہرمیں لاہورگڑھ ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہورمیں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسزڈی ایچ اے سے رپورٹ ہورہے ہیں، لاہورمیں 55ہزارگھروں کی سرویلنس کی گئی ہے 55ہزار میں سے1719گھروں میں ڈینگی لاروا برآمدہواہےڈینگی لاروا برآمدہونے کے بعد فوری طور پرکیس رسپانس ہوتاہے      اور ڈینگی لاروا برآمدہونے والے تمام گھروں کے اردگرد50گھروں میں انسدادڈینگی سپرے کیاجاتا ہے۔