رحیم یار خان،10اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا ، پھلوں اور سبزیوں کی بولی کے عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ پھلوں و سبزیوں کی نیلامی اور عام مارکیٹ میں فروخت کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ضلعی انتظامیہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہی ہے، تاجر برادری منافع خوری سے گریز اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے حکومت کا ساتھ دے۔
ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا کہ دکاندار صارفین کی سہولت کے لئے سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں، ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت اور اشیاء روزمرہ کی قیمتوں سے آگہی کے لئے مختلف مقامات پر ڈیجیٹل ریٹ بورڈ نصب کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی کاشتکار سبزی و فروٹ منڈیوں میں قائم کسان پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھائیں، کسان پلیٹ فارم پر کاشتکار بغیر کسی فیس ادائیگی کے اپنی اجناس براہ راست صارفین کو فروخت کر سکتے ہیں۔