وہاڑی،11 اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر آفس وہاڑی میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام، ایس ڈی پی، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام،رولر ایکسس بیلٹی پروگرام اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو چیک کیا۔ اجلاس میں محکمہ ہائر ایجو کیشن، سپیشل ایجو کیشن،صحت،تعلیم، ورکس اینڈ سروسز، لوکل گورنمنٹ،ہائی ویز، انہار، جنگلات، ریسکیو 1122، پبلک بلڈنگز کی سکیموں کا جائزہ لیا گیا
ایم این اے طاہر اقبال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی کام بروقت مکمل کر کے عوام کو بہتر انداز میں ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے، ترقیاتی سکیموں میں معیار اور شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ایم این اے اورنگز یب خان کھچی نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اوولین ترجیحات میں شامل ہے، عوام سے وعدوں کی تکمیل کیلئے ترقیاتی کام مزید تیز کئے جائیں، ترقیاتی کاموں کو بروقت پورا کرنا اوولین ترجیح ہے ۔
صوبائی وزیر ٹرانسپور ٹ جہانز یب خان کھچی نے اس موقع پر کہا کہ سڑکوں کے درمیان میں موجود کھمبوں کو فوری ہٹایا جائے، ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام سرکاری وسائل بروئے کار لائے جائیں پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کام ہمارا مشن ہے تاکہ پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔
ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی،مقررہ مدت میں ترقیاتی کام کر واکے عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔
ایم پی اے علی رضا خان خاکوانی نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی کاموں پر خصو صی توجہ دے رہی ہے، حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کے درینہ مطالبات کو پورا کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں، ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں حکومت پنجاب کی طرف سے عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کے حوالے سے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ تمام محکمے یکم سے 12ربیع الاول تک بھر پور طریقے سے عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ کی تقریبات کا انعقاد کریں۔