وہاڑی،11اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپو رٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمین ؐ کے سلسلہ میں خصو صی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں عشرہ رحمت اللعالمین ؐ کے سلسلے میں صوبہ بھر میں تقریبا ت کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ولادت کے سلسلے میں ضلع وہاڑی میں بھی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عشرہ رحمت اللعالمین کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ سرور کونین صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے،عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ منانے کا مقصد پوری دنیا کو باور کرانا ہے کہ مسلمان متحد ہیں انہوں نے۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر مبین الہی کے ہمراہ ڈی سی آفس میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے حوالے سے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم این اے اورنگ زیب خان کھچی، ممبران صوبائی اسمبلی اعجاز سلطان بندیشہ اور علی رضا خان خاکوانی بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپو رٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ تمام مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم منانے کا مقصد تمام مسلمانوں میں اظہار یکجہتی قائم کرنا اور ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ ہم دنیا میں مسلمانوں کو اعلیٰ مقام دلا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تقریبات کا انعقاد کررہے ہیں محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام خصو صی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے عوام عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تقریبات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے حوالے سے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے محکمہ ایجو کیشن، میونسپل کمیٹیز، پولیس، جیل اور دیگر اداروں میں بھی عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تقریبات منعقد کی جائیں گی تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔محفل نعت ؐاور محفل سماع کا بھی انعقاد کیا جائے گا، مارکیٹوں، بازاروں اور گلیوں محلوں میں بھی چراغاں کیا جائے گا تاجر اور سول سوسائٹی بھی بڑھ چڑھ کر عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تقریبات میں حصہ لیں ربیع الاول کی ریلیوں اور جلوسوں کیلئے سیکیورٹی کے خصو صی انتظامات کئے جائیں گے ریلیوں اورجلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی کے بھی بہترین انتظامات ہوں گے ربیع الاول کے حوالے سے انتظامات کرنا ہمارے لئے باعث سعادت ہے