رینالہ خورد،11اکتوبر(اےپی پی):اوکاڑہ تا خنجراب پاس پیدل سفر کرنے والے اوکاڑہ یونیورسٹی کے طالب علم عثمان ارشد کی حوصلہ افزائی کےلیے شعبہ ابلاغیات کی جانب سے ایک پر وقار تقریب پزیرائی کا اہتمام کیا گیا جس میں شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال، لیکچرار، ڈاکٹر صوبیہ عابد اور احمد رضا سمیت دیگر شعبہ جات کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر طلباء اور اساتذہ نے عثمان کے اعزاز میں تعریفی کلمات کہے اور ان کو پھولوں کا تحفہ اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے عثمان کی حوصلہ افزائی کےلیے انعام کا اعلان بھی کیا۔
تقریب کے تعارفی خطاب میں ڈاکٹڑ زاہد بلال نے کہا کہ عثمان نے اپنے بلند عزم اور جنون سے جو داستان رقم کی ہے اور دوسرے طلباء کےلیے ایک مشعل راہ ہے۔ تمام طلباء کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگیاں اعلی مقاصد سے جوڑیں اور پھر ان مقاصد کی تکمیل کےلیے اپنی جانیں لڑا دیں۔
عثمان ارشد نے اپنی سفر کی داستان اور اس کا مقصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ سفر محض اس لیے شروع کیا تھا کہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ پاکستان ہر ایک کےلیے ایک محفوظ اور پر امن ملک ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اوکاڑہ سے خنجراب پاس تک کے راستے میں متعدد مواقع پر انہوں نے محسوس کیا کہ ہمارے ملک کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔
تقریب سے ڈاکٹر محمد واجد، ڈاکٹر شعیب سلیم، ڈاکٹر عاطف علی الطاف ، ڈاکٹر سید عبدالوحید، ڈاکٹر شہزاد احمد سمیت دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔