اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ عشرہِ رحمۃ للعالمین میں نوجوانوں اور بچوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور آپ ﷺ ۖ کی روزمرہ زندگی کے اصولوں کو اجاگر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو عشرہِ رحمۃ للعالمین اور بارہ ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو عشرہِ رحمۃ للعالمین کے حوالے سے بنائے گئے لائحہِ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وفاقی وزرا چوہدری فواد حسین ، نور الحق قادری، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل اور ارسلان خالد نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پوری کائنات کیلئے رحمت بن کر نازل ہوئے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عشرہِ رحمۃ للعالمین میں نوجوانوں اور بچوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور آپ ۖ ﷺ کی روزمرہ زندگی کے اصولوں کو اجاگر کیا جائے ۔