نارووال :محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ للعلمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سےمرکزی تقریب

46

نارووال,11 اکتوبر ( اے پی پی): عشرہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم تقریبات کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ للعلمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے( بسلسلہ  قرات و نعت اور تقریری مقابلہ جات)   مرکزی تقریب سپورٹس جمنیزیم میں منعقدہوئی جس میں صوبائی وزیر اوقاف پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان,سی ای او میاں محمد جمیل,ڈی اوز ایجوکیشنز محمد اقبال,لیاقت علی,کلثوم بانو,ڈی ایس او رانا محمد اصغر,راہنماپاکستان تحریک انصاف حافظ ذوالفقار مہیس,نادرخاں,اندر جیت سنگھ,فلک شیر کاہلوں,مذہبی اسکالر پیر محمد تبسم بشیر اویسی,اساتذہ کرام اور طلباء طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امورپنجاب پیر سعید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم منا کر دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ حضرت محمدصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عظمت انسانی سوچ اورخیال سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کا حق ادا کرنے کیلئے نہ کوئی قلم ہے اورنہ کوئی زبان۔نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعریف وتوصیف بیان کرنا بہت بڑا اعزاز اور انعام ہے۔انہوں نے کہا کہ انسان تو انسان،فرشتے بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پردرودوسلام بھیجتے ہیں اور تاابد بھیجتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان حضرت محمدؐ کی شان بیان کرنا اپنے لئے سعادت سمجھتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں بھی یہ سعادت اوراعزاز عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے سابق روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کیلئے پورا عشرہ مخصوص کیا ہے تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ12 روزہ تقریبات حضرت محمد ؐ کی شان بیان کرنے کیلئے کافی نہیں۔ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں ہم دل و جان سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر فدا ہیں اور ان کی عظمت کسی بھی دنیاوی امر سے بالاتر ہے۔صوبائی وزیراوقاف نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عشرہ  شان رحمتہ للعلمین کے حوالے سے ضلع بھر میں منعقدہ پروگرامز کے کامیاب انعقاد پر ڈپٹی کمشنر نارووال کومبارکباد بھی پیش کی۔انہوں نے اس موقع پرقرآت نعتیہ وتقریری مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے۔تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف نے حضورسرور دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نعت پڑھ کر محفل کو چار چاند لگا دیئے۔