کوئٹہ11, اکتوبر ( اے پی پی )ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بےروزگاری کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں، ماہ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ہمیں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ کرکے ملکی خدمت کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے،عوامی مسائل کو شہریوں کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے بلدیاتی نظام کے قوانین میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے بعد عوام الناس کے مسائل حل ہوسکیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو کوئٹہ میں ینگ پارلیمنٹیرین فورم اور شعور فانڈیشن برائے تعلیم و آگاہی کے زیرِانتظام بلدیاتی نظام،توقعات اور مواقع کے عنوان سے عوامی سماعت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وژنری لیڈر ہیں جو پاکستان اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیےہر سطح پر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں، ماضی کی غلط طرزحکمرانی کی وجہ مہنگائی اور بےروزگاری ہیں،انھوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کےخواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے وفاقی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سرگرم عمل ہیں، قاسم خان سوری نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کو تمام شعبوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا اور معیشت کی مزید بہتری سے تمام شعبوں میں عوام کو اس کے ثمرات ملیں گے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ایٹمی طاقت اور عالم اسلام کی امیدوں کا مرکز ہے جو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آنے والے دنوں میں تمام مسلم ممالک کی رہبری کا فریضہ سرانجام دے گا۔ عمران خان وژنری لیڈر ہیں جو پاکستان اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیےہر سطح پر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔