برسلز۔11اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تمام ملکوں کے مابین خوشگواری تعلقات باہمی افہام و تفہیم ، احترام اور جمہوریت کی مشترکہ اقدار کے بنیادوں پر قائم ہیں۔یہ بات انہوں نےبرسلز پہنچنے پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔گورنر پنجاب کی پیر کو برسلز آمد پر سفیرِ پاکستان برائے یورپی یونین ، بیلجیم اور لکسمبرگ ظہیر اے جنجوعہ اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے خیر مقدم کیا۔اس دورے کے دوران ، گورنر پنجاب یورپی پارلیمنٹ کے بااثر اراکین ، سیاستدانوں کے علاوہ بیلجیئم کے اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کریں گے۔ گورنر پنجاب بیلجیئم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کےیورپی یونین اور اس کے تمام رکن ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں جو کہ باہمی افہام و تفہیم ، احترام اور جمہوریت کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ پاکستان-یورپی یونین سٹریٹجک انگیجمنٹ کا منصوبہ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے ، جس میں سیاسی ، اقتصادی ، سلامتی ، موسمیاتی تبدیلی ، سبز توانائی ، اور مہاجرین کی نقل مقانی شامل ہیں۔گورنر پنجاب کا یہ دورہ دونوں فریقوں کے درمیان قریبی مشاورت اور تعاون کے عمل کو مزید آگے لے جائے گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور 11 سے 14 اکتوبر 2021 تک یورپی یونین اور بیلجیئم کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔