پاکستانی قوم نے ماحولیات کی بہتری کا کام ایک جذبہ کے تحت شروع کر رکھاہے ؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

29

کراچی،12اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ماحولیات کے شعبہ  کی بہتری کا کام ایک جذبہ کے تحت شروع کر رکھا  ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کے دوران ماحول کی بہتری کے لئے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا۔

مزار قائد کے احاطہ میں جناح اربن فاریسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرے دور میں ایوان صدر میں تقریباً 10ہزار پودے لگائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایک لاکھ سے زیادہ پودے شہریوں کو گھرکی دہلیز پر فراہم کئے گئے ہیں ۔ اس کے بعد ایک نئی سوچ کے تحت پنسلوں کے ساتھ بیج لگا کر سکولوں میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ نا صرف پودے تقسیم کئے گئے ہیں بلکہ سکولوں میں ہر کلاس کی سطح تک شجر کاری کے دوران نئے لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت کی ذمہ داری بھی طلباء کو دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں کاروباری ، سماجی ذمہ داری کی بنیاد پر 15ایکڑ رقبے پر میاواکی جنگل لگانے کے لئے بھی کاوشیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کووڈ۔19کی وباء کے دوران دنیا بھر میں ماحول بہتر ہوا ہے جس کا مطلب ہے کہ قدرت ہمیں ماحولیات کے شعبہ پر توجہ دینے کے اشارے کر رہی ہے ۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیاح غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاحتی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینک دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر یہ ایک مسئلہ بن چکا ہے اور سیاحتی مقامات پر پھینکے جانے والے کوڑے کو اکٹھا کر کے ٹھکانے لگانا ایک مسئلہ بن چکا ہے ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت اپنا زیادہ تر بجٹ دفاع پر خرچ کرتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت بجٹ کا ایک بڑا حصہ تعلیم پر خرچ کرتی ہے ۔