الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے سات ٹرکوں کے ذریعے 124ٹن امدادی راشن افغانستان روانہ کردیا

30

پشاور، 12اکتوبر(اے پی پی): افغانستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت کی دعوت پر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی سربراہی میں مرکزی نائب صدر و خیبر پختونخوا ریجن کے صدر خالد وقاص اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسویسی ایشن(پیماء)کے ڈاکٹر عبدالصمد پر مشتمل نمائندہ وفدنے برادر اسلامی ملک افغانستان کے دورے پرکابل میں پاکستان کے سفیرمنصور احمد خان اور امارت اسلامی افغانستان کے شعبہ صحت کے اعلی حکام سے ملاقات کی اور افغانستان میں حالیہ دنوں کے دوران تیزی سے رونماء ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں مہاجرین کی نقل مکانی سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہی حاصل کی۔

اس موقع پر افغان حکومت کے اعلی حکام کی جانب سے سردی کی شدت کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی اپیل پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور کی ہدایت پرپشاور سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ابتدائی طور پر سات ٹرکوں کے زریعے 124ٹن امدادی راشن افغانستان روانہ کردیا۔جسں میں آٹا،گھی،چینی،چاول،لوبیا،دالیں،نمک،چائے کی پتی اور دیگر خوراکی اجناس شامل شامل ہیں۔

افغانستان کے لئے امدادی سامان پشاور سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور،سیکرٹری جنرل شاہد اقبال اور قائمقام صوبائی صدر محمد شاکر صدیقی نے انگور اڈہ کے راستے پکتیکا کے لئے روانہ کردیا۔جو پاک افغان تعاون فورم کے زریعے افغانستان کے مختلف علاقوں میں مقیم متاثرین کو فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ برادراسلامی ملک افغانستان میں اندرونی طور پر نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز افغانستان کے مختلف علاقوں میں کیمپوں اور کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں اور موسم سرما کی آمد کے پیش نظر انسانی ہمدردی کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے افغان حکام کی اپیل پر افغان مہاجرین کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے خشک راشن کی پہلی کھپ کے طور پر 124ٹن امدادی سامان افغانستان روانہ کردیا ہے جبکہ ہماری طبی ٹیم افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور ضرورت پڑنے پر ادویات اور دیگر طبی امداد بھی جلد افغانستان روانہ کردیا جائے گا۔