سکھر؛غیر ملکی ،نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت، ڈرگ انسپکٹر کے روہڑی اور پنوعاقل میں چھاپے

20

سکھر،14اکتوبر(اے پی پی ):غیر ملکی ،نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت کے خلاف محکمہ صحت کا ایکشن ،ڈرگ انسپکٹر کے روہڑی اور پنوعاقل میں چھاپے ،بڑی تعداد میں میڈیکل اسٹورزکے لائسنس زائد المیاد نکلے، غیرملکی نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات برآمد کی گئیں۔

عوام کی بڑھتی ہوئی شکایات پر غیرملکی ،نشہ اور اور زائد المیاد ادویات کی فروخت کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں سکھر میں حال ہی میں تعینات خاتون ڈرگ انسپکٹر شفق شفیع چاچڑ نے عملے کے ہمراہ روہڑی اور پنوعاقل کے علاقے میں واقع میڈیکل اسٹورز پر چھاپے مارے اور میڈیکل اسٹورز کے لائسنس چیک کیے تو بڑی تعداد میں لائسنس زائد المیعاد پائے گئے جبکہ ان میڈیکل اسٹورز سے بڑی تعداد میں انڈین سمیت غیر ملکی ،نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات برآمد کرکے تحویل میں لے لیں۔

اس موقع پر ڈرگ انسپکٹر نے اسٹور مالکان کو آئندہ غیر ملکی ،نشہ اور زائد المیعاد ادویات فروخت نہ کرنے کی وارننگز جاری کیں اور انہیں فوری طور پر اپنے میڈیکل اسٹورز کے لائسنس رینیو کرانے کی ہدایت کی ۔

رابطے پر ڈرگ انسپکٹر شفق شفیع چاچڑ نے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ کی ہدایت پر انڈین ،نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت کی روک تھام کے لئے کاروائی شروع کی ہے۔ اسٹورز مالکان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس طرح کی ادویات کی فروخت سے گریز کریں۔ دوبارہ کاروائی کی صورت میں نہ صرف ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے بلکہ میڈیکل اسٹورز بھی سیل کردیئے جائیں گے۔