پاکستان کوریا کے ساتھ تجارت کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

16

اسلام آباد،14اکتوبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کوریا کے ساتھ تجارت کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، کوریا کو سی پیک منصوبوں اورعلاقائی روابط بڑھانے کیلئے خصوصی اقتصادی زونز میں بھی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے جنوبی کوریا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلق کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کوریا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنوبی کوریا کا امن، جمہوریت اور خوشحالی کے راستے پر سفر قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دہائیوں کے قلیل عرصے میں کوریانے خود کو تکنیکی لحاظ سے ترقی یافتہ معیشت میں تبدیل کر دیا ہے، پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جس میں باہمی تعاون کے سیاسی، اقتصادی، سائنسی، دفاعی، ثقافتی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ بدلتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے 16000 سے زائد غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت وطن پہنچایا، جنوبی کوریا کی درخواست پر پاکستان نے 392 کورین باشندوں کو بحفاظت کابل سے نکال لیا ہے، دونوں رہنماؤں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ مفادات کے حوالے سے باہمی تعاون اور باہمی تفہیم کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پچھلے دو سالوں میں کورین کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی موجودگی اور مارکیٹ شیئر میں بتدریج اضافہ کیا ہے، پاکستان اور کوریا کے درمیان 1.122 بلین امریکی ڈالر کی موجودہ باہمی تجارت دونوں ممالک کی صلاحیت سے بہت کم ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے فعال اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، تجارت کے فروغ کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، 220 ملین آبادی پرمشتمل ملک پاکستان ،افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک سے منسلک ہے جس کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر کیلئے سرمایہ کاری کے لحاظ سے اہم ملک ہے۔ صادق سنجرانی نے ایگزیم بینک کی جانب سے اسلام آباد میں 88.80 ملین ڈالرز کی لاگت سے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر کام شروع کرنے پر جنوبی کوریا کے  تعاون کو سراہا۔

ملاقات میں جنوبی کوریا کی جانب سے پاکستان میں سام سنگ موبائل مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور  دونوں ممالک کی پارلیمانوں کو قریب لانے اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے مابین وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سطح پر بھی وفود کے تبادلوں کاخیرمقدم کرتا ہے، پاکستان میں گندھارا تہذیب کے تحفظ اور بحالی کیلئے کوریا کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔