اسلام آباد،16اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کسی بھی طرح کی بدعنوانی کے احتساب کیلئے کھلی تحقیقات پر یقین رکھتے ہیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی بھی معاملہ کی تحقیقات کی جاتی ہیں تو اس سے اصل صورتحال کا پتہ چلتا ہے اور سارے عمل کو اوپن کر کے شفافیت لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف تحقیقات اور احتساب تحریک انصاف کی حکومت کا عزم ہے،چینی کے معاملہ میں جب شکایات موصول ہوئیں تو وزیراعظم عمران خان نے پہلے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جس کی تجاویز کی روشنی میں کابینہ نے انکوائری کمیشن ایکٹ کے تحت ایک کمیشن تشکیل دیا جس نے تحقیقات کیں تو ہوش ربا انکشافات ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن نے اپنی تحقیقات کی بنیاد پر مختلف سفارشات اور تجاویز مرتب کیں تاکہ غلط کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر کے نظام میں بہتری لائی جاسکے۔