اسلام آباد،16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرے، افغانستان میں دیرپا امن خطے اور بین الاقوامی دنیا میں استحکام کی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے اور پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خطے میں حالات بدل رہے ہیں اور پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے قومی سلامتی کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا جبکہ خطے میں ایک بڑے ملک کی حیثیت سے بین الاقوامی توقعات پر پورا اترتا ہے جس کا مقصد افغانستان میں امن کو مستحکم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی دنیا جانتی ہے کہ پاکستان خطے کا ایک ذمہ دار ملک ہے۔ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں اور انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی بنیادوں پر افغانستان کی حمایت کرنی چاہیے۔