کراچی،16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قانون و انصاف سینیٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہاہے کہ حکومت ملک میں منصفانہ انصاف کے نظام کے لیے فوجداری قوانین میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں ،پولیس اسٹیشن میں شکایت کنندہ کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ پولیس یا شکایت کنندہ کی طرف سے بیان میں کوئی ردو بدل نہ ہوسکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں فیڈرل سروس ٹریبونل کی چھٹی قومی جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر فروغ نسیم نے کہا کہ مستقبل میں قانون میں اصلاحات کی وجہ سے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی)کے افسران بھی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی)کا حصہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے مطابق اپنے ذمہ داریاں نبھانے کے لئے اسٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او) کا کم ازکم بی اے پاس ہونالازمی ہوگا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں صحیح طریقے سے قانون کی حکمرانی کی نفاذ کے لئے منصفانہ اور درست نظام کا ہونا بہت اہم ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں خواتین او ربچوں کو ان کے قانونی مقدمات میں قانونی مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانونی اصلاحات کے خلاف مزاحمت کے باوجود سخت محنت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی عدلیہ نے ماضی میں اچھے کام کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا کام ملک میں قوانین متعارف کروانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو اپنا فرض پوری ایمانداری سے ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرنا ایک اچھا کام ہے لیکن قانون کی حکمرانی اور اس کے نفاذ کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات اور خلوص ضروری ہے ۔
اس موقع پر فیڈرل سروس ٹریبونل کے چیئرمین سابق جسٹس قاضی خالد علی اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔