اپوزیشن غیر ضرورری ایشوز پر واویلا کرنے کی بجائے انتخابی اصلاحات سمیت قومی ایشوز پر توجہ مرکوز کرے، چوہدری فواد حسین

38

لاہور17 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضرورری ایشوز پر واویلا کرنے کے بجائے انتخابی اصلاحات سمیت قومی ایشوز پر توجہ مرکوز کرے،حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں ایسی انتخابی اصلاحات لائی جائیں جس کے بعد جو بھی الیکشن ہو وہ سب کے لئے قابل قبول ہو، نیب آرڈیننس کے حوالے سے آئندہ ہفتے اپوزیشن سے رابط کیا جائے گا، اپوزیشن اگر اس میں کوئی ترمیم تجویزکرتی ہے جس پرحکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگا تواس کو بل میں شامل کر لیاجائے گا وہ اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں وزیراعلی پنجاب کے سابق مشیر ،سیاسی و سماجی شخصیت محمد اکرم چوہدری کی طرف سے دیئے گئے استقبالیے میں وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے اطلاعات حسان خاور کے ہمراہ کالم نویسوں، تجزیہ نگاروں اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھےچوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت صحت کارڈ پروگرام سمیت 3بڑے پروگرام لا رہی ہے جس سے عوام براہ راست مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ ہر فیملی کے پاس موجود ہوگا جس سے ہر فیملی ساڑھے سات لاکھ روپے لاگت تک اپنا علاج کروا سکے گی وفاقی وزیر نے سی پیک منصوبے سے متعلق منفی پراپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ کامیابی سے چل رہاہے جس میں شامل گوادر پورٹ ، رابطہ سڑکیں بننے کے بعد اگلے مرحلہ میں انڈسٹری لگانے کیلئے نجی شعبہ کو بھی قائل کیا جائے گا وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کے بغیر کوئی ایسی جماعت نہیں ہو گی جو 800سے 900سیٹوں پر اپنے امیدوار لا سکے،جس کا فائدہ یقیناً تحریک انصاف کو ہی ہو گاانہوں نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ہماری حکومت نے ہمیشہ مضبوط اور مستحکم افغانستان کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کیا، اس وقت بھی ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں استحکام آئے اور وہاں نئے لوگوں کی شمولیت کے ساتھ وسیع البنیاد حکومت بنے، ہم عالمی قوتوں سے بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ افغانستان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں انکا کہنا تھا کہ افغانستان میں عدم استحکام پورے خطے میں منفی اثرات مرتب کر سکتاہے اور ایسی کسی صورت حال میں پاکستان کا نقصان سب سے زیادہ ہونے کا احتمال ہے۔