سکھر،18اکتوبر(اے پی پی): سرکار دوعالم حضرت محمدﷺ کے یوم پیدائش12ربیع الاول جشن عیدمیلاد النبیﷺ کے سلسلے میں شہر بھر میں محافل میلاد،ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے شہریوں کی جانب سے مساجد، گھروں اور تجارتی مراکز، شاہراہوں کو برقی قمقوں، سبز پرچموں سے سجایا جارہا ہے۔
تنظیم اصلاح الفقراءحسینیہ نقشبندیہ جماعت اہلسنت پاکستان ضلع سکھر کے زیر اہتمام مولانا اللہ وسایو اندھڑ ، فقیر منظور حسین بھٹو حسینی کی قیادت مین بھٹہ روڈ سے تانگہ ریلی نکالی گئی ریلی میں مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت ایڈمنسٹریٹر سکھر علی رضا انصاری نے بھی شرکت کی۔ریلی کے شرکاءنے شہر کے مختلف علاقوں کا گشت کیاا اور مرحبا مرحبا یارسول اللہؐ کی صدائیں بلند کیں۔
ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جشن عید میلاد النبیﷺ عالم اسلام کے لئے سب سے بڑی خوشی کا دن ہے سرکارؐ کے یوم پیدائش کا جشن منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے آج شہر شہر گاؤں گاؤں آپؐ کی آمد کا جشن منایاجارہا ہے اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔
ریلی میں تانگہ سوزکیاں و دیگر سواریوں میں عاشقان رسولﷺ کی کثیر تعداد بھی شریک تھی