معذور افراد کو ان کی  ملازمت کوٹہ کے مطابق متعلقہ شعبوں میں شامل کیا جائے؛ خاتون اول ثمینہ علوی

23

لاہور، 30 اکتوبر (اے پی پی): خاتون اول ثمینہ علوی  نے کہا ہے کہ   ہر شعبہ کو اپنی سطح پر بہتری کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے، معذور افراد کو ان کی ملازمت کوٹہ کے مطابق متعلقہ شعبوں میں شامل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار  خاتون اول ثمینہ علوی نے ہفتہ  کو  یہاں  گورنر ہائوس میں بطور مہمان خصوصی اسپیشل ایجوکیشن ، سوشل ویلفیئر اوربیت المال پنجاب کے محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت  کرتے ہوئے کیا ۔

خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کی معذور ی کے خاتمے اور انہیں کار آمد شہری بنانے کے لیے کوشاں ہیں جبکہ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ معذور افراد کو بھی قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے ۔

اجلا س  میں  ان اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔خاتون اول نے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کے سربراہان نے خاتون اول ثمینہ عارف علوی کو اپنے اپنے محکمہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی جس کے بعد متعلقہ اداروں میں مسائل کا جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں بیگم گورنر پنجاب پروین سرور ، سماجی تنظیم اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب ، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر صائمہ توقیر ،آمنہ آفتاب ،عرفان گوندل ، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ،بیت المال پنجاب کے علاوہ سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔