سکھر،یکم نومبر(اے پی پی ): کراچی میں تعینات انڈونیشیا کے کونسل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادی نینگریٹ نے ایوان صنعت وتجارت کا دورہ کیا ، جہاں تجارتی، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
ڈاکٹر جون کنکورو ہادی نے سکھر کی تاجر برادری کو مشورہ دیا کہ انڈونیشیا میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایسی مصنوعات کی فہرست بنائیں جو دوطرفہ تجارت میں اضافے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔انہوں نے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے دستیاب مواقعوں کو تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اوراس حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ایوان صنعت وتجارت کے صدر عامر علی خان غوری سمیت دیگر نے دو طرفہ تجارت کو تیزی سے فروغ دینے کے مواقعوں کواجاگر کرتے ہوئے بنیادی امور پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کچھ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی کہ پاکستان، انڈونیشیا کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے، دونوں برادر ملک کی عوام کے ایک دوسرے سے رابطوں کو استوار کرنے اور انڈونیشیا کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو بہتر بنانے کے خواہشمند،سکھر ریجن کی تاجر برادری کو مکمل طور پر سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انڈونیشیا کے کونسل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادی نینگریٹ سمیت دیگر کا ایوان صنعت وتجارت آمد کے موقع پر عامر علی خان غوری ودیگر عہدیداران نے شکریہ ادا کیا اور انہیں سندھ کا روائتی تحفہ سندھ ٹوپی اجرگ پیش کرنے کے علاوہ شیلڈ بھی پیش کی۔
انڈونیشیا کے کونسل جنرل ڈاکٹر جون کنکورو ہادی نینگریٹ عامر علی خان غوری، سینئر نائب صدر عرفان صمد، نائب صدر عبد المجید قریشی کو بھی تحائف پیش کیے اور انکا شکریہ ادا کیا۔