خیرپور،02نومبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ،پبلک ہیلتھ کے ایگزیکٹو انجینئر اور میونسپل حکام کے ہمراہ گمبٹ پہنچے اور مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران اور میونسپل کے عملے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ تمام شہر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے سر توڑ کوششیں کریں تا کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹو انجینئر کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ 2 دن میں ڈسپوزل کا کام مکمل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کا فرض ہے اس کے لیے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔