ضلع وہاڑی میں سٹوڈنٹ کونسل الیکشن کا انعقاد ،1 لاکھ 8ہزار طلباء و طالبات نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا

42

وہاڑی ،03 نومبر(اے پی پی ): جنوبی پنجاب کے دیگر 11اضلاع کی طرح ضلع وہاڑی میں بھی طلباء طالبات کونسل الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف سکولوں کے ایک لاکھ 8ہزار طلبا و طالبات نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

 سی ای او ایجوکیشن محمد صہیب عمران اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم نے طلباء کونسل الیکشن کا جائزہ لیا ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ طلباء کونسل الیکشن کا مقصد ہم نصابی سرگرمیوں کی بحالی، انکا مستقبل انعقاد اور طلباء و طالبات کی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ  طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی، انتظامی معاملات پر دسترس، گفت و شنید پر عبوراور ساتھی طلبہ جیسے امور سے روشناس کرانا ہے، طلباو طالبات میں ذمہ داریاں اٹھانے اور نبھانے کو ترویج دینا اور جمہوری اقدار کو متعارف کروانا ہے، طلباء کونسل الیکشن سے طلبا و طالبات کی ذمہ داریوں میں نظم ونسق،طرز عمل اور بہترین رویہ کے ذریعے دوسرے طالب علموں کیلئے رول ماڈل بننا،بزم ادب،تقاریر،مباحثے،مضمون نویسی، پینٹنگ اور کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد،طلباء میں کتب بینی کا شوق پیدا کرنا،تحریری صلاحیتوں کا نکھارنا، آن لائن میگزین متعارف کروانا اور اس میں لکھنے کیلئے طلبا کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرنا، سکول میں نظم و ضبط کی بہتری کیلئے انتظامیہ کا دست و بازو بننا،خاص مواقع مثلاً یوم والدین، یوم آزادی اور سالا نہ تقریبات پر سکول انتظامیہ کی مدد کرنا،طلبا کے مسائل اور مختلف معاملات میں انکی رائے انتظامیہ تک پہنچانا،انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے ، اعلانات و انتظامات کی طلبا و طالبات تک مراسلت، نئے آنے والے طلبا و طالبات کی رہنمائی اور دی جانیوالی کسی بھی دیگر ذمہ داری کو بخوبی نبھانا شامل ہیں ۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم نے کہا کہ طلباء و طلبات ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں، سٹوڈنٹ کونسل الیکشن ہم نصابی سرگرمیاں کی بحالی کا ایک بہترین ذریعہ ہے جس سے طلباء و طالبات میں ہم نصابی سرگرمیوں میں دلچسپی کو فروغ ملے گا اور انکی شخصیت میں نکھار پیدا ہو گا، ان میں آگے بڑھنے کا جذبے آئے گا، خود اعتمادی اور اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے مواقع ملیں گے اور ہماری یہی طلباء وطالبات جب عملی زندگی میں آئیں گے تو ملک کی تعمیر ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔